شادی بیاہ میں پیسے نچھاور کرنا غیر معمولی بات نہیں تاہم ایک دولہا کو اپنی بارات میں نوٹ لٹانا بہت مہنگا پڑ گیا۔
شادی بیاہ ہو یا خوشی کا کوئی موقع کئی لوگ اس موقع پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پیسے نچھاور کرتے ہیں اور ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق یہ خوشی مناتا ہے۔
آئے روز ایسی ویڈیوز بھی وائرل ہوتی ہیں جس میں دولہا یا خاندان والے بارات کے موقع پر نوٹوں کی برسات کر دیتے ہیں حالیہ کچھ عرصہ میں تو پاکستان کے کئی علاقوں میں بڑی مالیت کے پاکستانی نوٹوں سمیت ڈالر اور پاؤنڈز تک لٹائے جانے کی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں۔
تاہم ایک دولہا کو اپنی شادی پر پیسے لٹانے بہت مہنگا ثابت ہوا اور اس کو جیل کی ہوا کھانی پڑی وہ بھی ایک یا دو روز نہیں بلکہ 6 ماہ کے لیے۔
یہ واقعہ پاکستان نہیں بلکہ افریقی ملک نائجیریا میں پیش آیا جہاں ایک دولہا کو شادی کے بعد ہنی مون کے بجائے جیل جانا پڑ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عبداللہ موسیٰ حسینی نامی دولہا اپنی شادی پر نہ صرف ڈانس کر رہا تھا بلکہ خوشی میں پیسے بھی لٹا رہا تھا۔ باراتی اس کی ویڈیو بنا رہے تھے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور یہی ویڈیو دولہا کے لیے مصیبت بن گئی۔
پولیس نے دولہا کے خلاف پیسے کے ناجائز استعمال کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
عبداللہ موسیٰ کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس نے اعتراف جرم کر لیا جس کے بعد عدالت نے اس کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔
واضح رہےکہ نائجیریا میں اکنامک اینڈ فنانشل کرائمز کمیشن اس رسم کے خلاف مہم چلا رہا ہے اور اسے پیسے کی بے توقیری قرار دیا جاتا ہے۔