غزہ میں اسرائیلی بمباری سےاقوام متحدہ کا کارکن اپنے پورے خاندان سمیت شہید ہو گیا۔
جمعہ کو جبالیہ میں اسرائیلی طیاروں نےرہائشی عمارتوں کونشانہ بنایا۔ حملے میں عصام مغرابی کےبیوی بچوں سمیت خاندان کے ستر افراد شہید ہو گئے۔
شہید ہونےوالوں میں اکیس بچےبھی شامل ہیں۔یہ ایک ہی حملےمیں کسی بھی خاندان میں شہادتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اقوام متحدہ نےعصام کے بےگناہ خاندان کی شہادت کو وحشیانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ عصام تیس سال سےاقوام متحدہ کی جانب سے فلسطین میں فلاحی کام کررہے تھے۔
غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے اور اڑتالیس گھنٹوں میں مزید چار سو سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی طیاروں نے دیرالبلاح میں گھروں کو نشانہ بنایا جس میں چالیس سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔
خان یونس میں اسرائیلی ڈرون حملےمیں چھ لوگ شہید ہوگئے۔ ۔ شہید ہونے والوں میں تیرہ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
اسرائیلی بمباری سے غزہ میں پانچ اسرائیلی یرغمالی بھی مارے گئے جب کہ حماس کے جوابی وار بھی جاری ہیں جس میں مزید پانچ صہیونی فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ درجنوں اسرائیلی فوجی گاڑیوں، ٹینکوں اور بلڈوزر تباہ ہوئے۔