جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

پاکستان میں ’یونیورسل ہیلتھ کوریج‘ اسکور میں نمایاں بہتری آ گئی، کون سے ضلع کا اسکور سب سے زیادہ؟

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: دنیا بھر میں 12 دسمبر کو یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے منایا جاتا ہے، جس کا مقصد پوری دنیا کے لوگوں کو بغیر کسی امتیاز کے صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے، پاکستان بھی آج یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے منا رہا ہے۔

وزارت صحت نے پاکستان میں علاج کی سہولیات کے حوالے سے یو ایچ سی انڈیکس جاری کر دیا، کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے پاکستان کے لیے UHC کے تازہ ترین نتائج کا اعلان کیا ہے۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ کے مطابق یو ایچ سی کوریج انڈیکس کا اعلان برطانوی حکومت کی تکنیکی معاونت سے کیا گیا ہے، قومی سطح پر یونیورسل ہیلتھ کوریج سروس 2015 میں 40 کے اسکور پر تھا، 2023 میں یہ 53.9 تک بہتر ہوا، 2015 کے بعد سے اس میں قابل ستائش اضافہ ہوا ہے۔

- Advertisement -

اسلام آباد نے 63.9 پر تمام صوبوں اور علاقوں میں سب سے زیادہ اسکور کیا ہے، اس کے بعد پنجاب 55.5 کے اسکور کے ساتھ، خیبر پختونخواہ 51، سندھ 50.7 اور بلوچستان 38.4 اسکور کے ساتھ نمایاں ہے۔

مجموعی طور پر، پاکستان کے 45 اضلاع کا یو ایچ سی سروس کوریج انڈیکس اسکور 40 سے کم ہے، 57 اضلاع کا اسکور 50 اور 59 کے درمیان ہے، ملک کے صرف 11 اضلاع نے یو ایچ سی سروس کوریج انڈیکس اسکور 60 یا اس سے زیادہ حاصل کیا ہے، ضلع جہلم تولیدی، زچگی، نوزائیدہ اور بچے کی صحت کے زمرے میں 78.4 کے مجموعی اسکور کے ساتھ سرفہرست ہے۔

جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں مدد کے لیے بڑا اعلان کر دیا

یہ اسکور 2030 تک پائیدار ترقی کے ہدف کو حاصل کرنے کے پاکستانی عزم کی طرف بڑی پیش رفت ہے۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ کا کہنا ہے کہ سالانہ 1.34 کروڑ پاکستانی مہنگے طبی اخراجات کے باعث غربت کا شکار ہو سکتے ہیں، اس لیے ہر شخص تک صحت کی سہولیات کی رسائی ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے، اور حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج میں سرمایہ کاری ایک منصفانہ معاشرے کی تشکیل کے لیے اہم قدم ہے، جہاں ہر شہری کو معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل ہو، حکومت صحت کے شعبے میں تعاون پر گورنمنٹ آف برطانیہ اور برٹش ہائی کمشن کی شکر گزار ہے۔

Comments

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں