صنعا: امریکا نے یمن پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے 24 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکا نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر فضائی حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا نے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں میزائل سسٹم، فضائی و دفاعی میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائٹ پر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ میں نے آج امریکی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ یمن کے حوثی دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور طاقتور فوجی آپریشن شروع کرے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ حوثیوں کا وقت ختم ہوگیا، آج سے بحیرہ احمر پر حملے بند کرو ورنہ تمہارے ساتھ وہ ہوگا جو پہلے نہیں ہوا۔
انہوں نے ایران کو دہشت گردوں کی حمایت ترک کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا اگر حوثیوں کی حمایت ترک نہ کی تو حملوں کا ذمے دار ٹھہرایا جائے گا۔
دوسری جانب حوثیوں کا کہنا ہے امریکا کے حملوں کا بھرپور جواب دیں گے۔