کابل: متحدہ عرب امارات میں طالبان وفد سے مذاکرات کے بعد امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد افغانستان پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان افغانستان میں قیام امن اور جنگ کے خاتمے سے متعلق بات چیت جاری ہے، ابوظہبی میں طالبان رہنماؤں سے مذاکرات کے بعد زلمے خلیل افغانستان پہنچ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خصوصی مندوب افغان حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور طالبان مذاکرات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
کابل میں امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکی مندوب کابل میں قیام کے دوران صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات کریں گے اور انہیں مذاکراتی عمل کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
طالبان رہنماؤں کے ساتھ ابوظہبی میں ہونے والی ملاقات اور مذاکرات سے متعلق تفصیلات اب تک منظر عام پر نہیں آئیں، جبکہ حکام بھی معلومات فراہم کرنے سے گریزاں ہیں۔
خیال رہے کہ ان مذاکرات میں پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے بھی شریک تھے، افغان حکومت نے اپنا مذاکراتی وفد ابوظہبی روانہ کیا تھا لیکن وہ مذاکرات میں شریک نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز طالبان نے افغان حکام کے وفد سے مذاکرات کے لیے اپنی رضا مندی کا اظہار نہیں کیا تھا، جبکہ ماضی میں طالبان افغان حکومت سے بات چیت سے انکاری رہا ہے۔
علاوہ ازیں امریکی حکام نے کہا تھا کہ افغانستان میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی حکومت کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔