تازہ ترین

امریکہ میں بدترین برفانی طوفان نے قیامت ڈھا دی 18 افراد ہلاک

امریکہ میں برفانی طوفان سے 18 افراد ہلاک اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے، کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 45 تک گر گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کی بیشتر ریاستوں میں شدید طوفان بارش اور برفباری کے باعث ٹریفک اور دیگر حادثات میں کم از کم 18افراد ہلاک ہوگئے، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

امریکہ اس وقت برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہے، بعض علاقوں میں طوفان کی رفتار 115 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور حد نگاہ اتنی کم ہے کہ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دے رہا۔

امریکہ کو اپنی تاریخ کی بدترین سردی اور برفانی طوفان کا سامنا

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق قطب شمالی سے آنے والی برفانی ہوائیں ہفتے کے آخری دنوں میں بھی ملک کے وسطی اور مشرقی حصّوں کو لپیٹ میں لیے رہیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نامساعد موسمی حالات کے سبب ملک بھر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ جمعے سے لے کر آج تک حادثات کی تعداد دوگنی ہو چکی ہے اور برفانی طوفان سے متاثرہ ریاستوں میں اوپر تلے ہونے والے حادثات میں زخمیوں کی تعداد بھی درجنوں تک پہنچ گئی ہے۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں ایک ملین سے زائد گھروں اور کاروباری مقامات کے لئے بجلی کی ترسیل منقطع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے پیدا ہونے والے بجلی تنصیبات کی تعمیر و مرمت میں کئی دن لگ جائیں گے۔

ملکی آبادی کے 60 فیصد یعنی 200 ملین سے زائد افراد کو "برفانی طوفان” کی وارننگ دی گئی ہے۔ ملک کی مغربی ریاستوں مونٹانا، جنوبی ڈاکوٹا اور ووئیمنگ میں درجہ حرارت منفی 45 درجے اور جنوبی ریاستوں فلوریڈا اور جارجیا میں بھی کرسمس کے موقع پر ریکارڈ سردی کا سامنا ہے۔

نیویارک، ورجینیا، جارجیا، شمالی کیرولینا اور اوکلاہاما سمیت متعدد ریاستوں میں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا گیا اور صدر جو بائڈن نے شہریوں سے تنبیہات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

  امریکہ میں بد ترین برفانی طوفان سے 19 افراد ہلاک ، کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 45 تک گر گیا

انٹر نیٹ سائٹ فلائنگ اویئر کے مطابق کرسمس کے لئے اور سال کے مصروف ترین سیاحتی دورانیے میں 8 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں اور25 ہزار فلائٹوں کو تاخیر کا سامنا ہے۔

منسوخ یا تاخیر والی پروازوں کے مسافر ائیر پورٹوں پر محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور حکام نے شہریوں کو موسمی حالات کی طرف دھیان دینے اور اشد ضرورت نہ ہونے کی صورت میں گھروں میں رہنے کی تنبیہ کی ہے۔

Comments

- Advertisement -