غزہ: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ امریکا بیت المقدس کا مستقبل تبدیل نہیں کر سکتا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ بیت المقدس کی سرحدیں فلسطینی قوم کے خون سے کھنچی ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اپنی استقامت سے اس شہر کو صیہونی حکومت سے واپس لیں گے، اسی طرح مسجدالاقصی میں گذشتہ جمعے کی نماز میں لاکھوں فلسطینیوں کی شرکت کو اس حقیقت کا مظہر قرار دیا کہ فلسطینی عوام اپنی مقدس سرزمین کا چپہ چپہ صیہونیوں سے آزاد کرائیں گے۔
حازم قاسم نے کہا کہ سخت سیکورٹی انتظامات اور عائد کی جانے والی پابندیوں کے باوجود مسجدالاقصی میں اتنے وسیع پیمانے پر فلسطینیوں کے داخل ہونے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت شہر بیت المقدس کا تشخص تبدیل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما خالد مشعل نے کہا تھا کہ ’کچھ ممالک ترکی اور دوسرے ممالک کے صدی کی ڈیل کے مخالف ہونے سے بے چینی کا شکار ہیں‘۔
امریکا کی صدی کی ڈیل کامیاب نہیں ہوگی، حماس رہنماء مشعل خالد
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکی انتظامیہ اور اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے صدی کی ڈیل کو قبول کرنے کے لیے چند علاقائی ممالک کو لالچ دینے کی کوشش کی ہے۔