میزوری : امریکی ریاست میزوری میں سیلاب آنے سے تیرہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں، رہائشیوں کو سیلابی علاقے سے نکالنے کیلئے کوسٹ گارڈ ز کو طلب کر لیا گیا ہے۔
امریکا کی مختلف ریاستوں میں طوفانوں اور سیلابوں سے اب تک چالیس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ صرف ریاست میزوری میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد تیرہ افراد تک پہنچ چکی ہے۔
گزشتہ چند دنوں کی شدید بارشوں سے مسیسیپی دریا کا پانی میزروی میں تباہی مچا رہا ہے اور لوگ ریت کی بوریاں بھر بھر کر دریا کے کناروں پر جمع کر رہے ہیں، مسیسیپی دریا کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور سڑکیں پانی کے اندر مکمل طور پر ڈوب چکی ہیں، اسکول اور کاروبار مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں جبکہ لوگوں کو کھانے پینے اور دیگر اشیاء کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
امریکا کے شہر میسوری سمیت کئی علاقوں میں سیلاب نے درجنوں مکانات ڈبودیئے، جس کی باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، طوفانی ہواؤں سے کئی مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں اور کئی سڑکیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں، پانی کے تیز بہاؤ سے عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
بارش بند ہونے کے باوجود انتظامیہ نے مزید سیلابوں کی پیشن گوئی کی ہے جبکہ لوگوں کو سیلابی علاقوں سے دور رہنے کی تلقین کی جارہی ہے۔
مسوری کے گورنر نے خراب موسم اور خطرے کے پیش نظر ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔