واشنگٹن: اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف وارنٹ پر امریکی ایوان نمائندگان نے عدالت کو سزا دینے کا قانون منظور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے ووٹ دے کر ایک ایسا قانون منظور کر لیا ہے، جو بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پر بہ طور سزا پابندیاں عائد کرے گا، کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے پراسیکیوٹر نے کیوں اسرائیلی حکام کے خلاف وارنٹ گرفتاری کے لیے درخواست دی۔
ہیگ میں قائم عدالت کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو درخواست دی ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو غزہ کی جنگ سے متعلق الزامات کے تحت گرفتار کیا جانا چاہیے۔
فلسطینی فوٹو جرنلسٹ نے فرانس کا بڑا انعام ’فریڈم پرائز‘ جیت لیا
امریکا میں اسرائیل نواز ریپبلکنز کی طرف سے تجویز کردہ اس بل میں ان آئی سی سی حکام کو نشانہ بنایا گیا ہے جو وارنٹ گرفتاری کے کیس میں سرگرم ہیں، بل میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان حکام کا امریکا میں داخلہ روک دیا جائے۔
یہ بل منگل کو ریپبلکن ارکان نے 247-155 کی اکثریت کے ساتھ منظور کیا، تاہم بی بی سی کا کہنا ہے کہ ایوان میں اس بل کے پاس ہونے کے باوجود اس کے قانون بننے کی توقع نہیں ہے، کیوں کہ امریکی سینیٹ کو ڈیموکریٹس کنٹرول کرتے ہیں اور وہ اس قانون سازی کو ممکنہ طور پر نظر انداز کر دیں گے، اور امریکی صدر کے دستخط سے قبل ان کی جانب سے بل کا پاس ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ صدر جو بائیڈن نے بھی یہ اشارہ دیا ہے کہ وہ اس بل کی ’سخت مخالفت‘ کرتے ہیں اور انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کورٹ کے خلاف پابندیوں کی حمایت نہیں کرے گی۔