نیویارک : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 15 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے تک گر گئی ، جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 21 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے بعد تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہوشرباکمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد امریکی خام تیل کو 21 سال کی کم ترین سطح پرٹریڈ ہوتے دیکھاگیا۔
امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 14 ڈالر 47 سینٹ فی بیرل ہوگئی جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 4.2 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی اور برینٹ خام تیل کی قیمت 26 ڈالر 91 سینٹ فی بیرل تک گرگئی۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ طلب میں کمی ہےجبکہ امریکی خام تیل کےذخائرکی اسٹوریج کپیسٹی کم پڑنےلگی۔
خیال رہے گذشتہ ہفتے سعودی عرب اور روس کے درمیان تیل کی یومیہ پیداوار کم کرنے کا معاہدہ ہوا تاکہ تیل کی طلب میں بہتری اور قیمتیں مستحکم کی جا سکیں۔ اس پابندی کا اطلاق تمام تیل پیدا کرنے والے ممالک پر ہوتا ہے تاہم اس فیصلے کے باوجود تیل کی قیمتوںمیں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر تیل کی طلب میں اسی طرح کمی ہوتی رہی تو قیمتیں مستحکم نہیں ہو سکیں گی۔