واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کرونا کے معاملے پر عالمی ادارہ صحت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے ڈبلیو ایچ او پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے معاملے پر عالمی ادارہ صحت کو شرمندہ ہونا چاہیے، یہ چین کا ترجمان ادارہ بن کر رہ گیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا سے ہلاکتوں پر بر وقت درست حقائق نہیں بتائے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ کرونا وبا کا آغاز ووہان انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی سے ہوا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے لیے بہتر تجارتی معاہدہ کرنے پر بیجنگ میرے خلاف ہو گیا، چین میرے بجائے جوبائیڈن کو آیندہ الیکشن میں صدر دیکھنا چاہتا ہے۔
دریں اثنا، امریکی صدر ٹرمپ نے مئی کو بزرگ شہریوں کے نام قرار دے دیا، انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بزرگ شہریوں کو بچانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 2200 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 63,861 ہو گئی ہے، جب کہ 10 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 30 ہزار کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 1 لاکھ 55 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 15 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 23,780 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 10 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔