امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غیر اعلانیہ دورے پر عراق پہنچ گئے جہاں انہوں نے عراقی وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی، ملاقات میں شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ شامی اقلیتوں کی حمایت کرتے ہوئے ملک کے تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت کی تشکیل ضروری ہے، عراق کو اپنی خودمختاری کے استحکام پر توجہ دیتے ہوئے داعش کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ شام کو سابقہ حکومت کے اثرات سے نجات دلانے کے لئے خطے کے ممالک کو اس ملک کے عوام کی مدد کرنی ہوگی۔
خیال رہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد انتونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں، اور اس دورے میں عراق ان کی آخری منزل تھی۔ قبل ازیں وہ ترکیہ گئے تھے جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کی تھی۔
طیب اردوان نے امریکی وزیرخارجہ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ترکیہ ، شام میں داعش کے خلاف جنگ میں کمزور نہیں پڑے گا۔