وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکا غزہ کے شہریوں کے لیے محفوظ راستہ بنانے پر کام کر رہا ہے جو اسرائیلی بمباری کے بعد انخلا کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
صحافیوں سے گفتگو میں کربی نے کہا کہ ہم اپنے اسرائیلی اور مصری ہم منصبوں کے ساتھ اس پر معاملے پر بات کر رہے ہیں ہم شہریوں کے لیے محفوظ راستے کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے جو کچھ کیا ہے اس کے لیے عام شہری ذمہ دار نہیں ہیں کیونکہ شہریوں نے کچھ نہیں کیا۔
کربی نے مزید کہا کہ اسرائیل میں امریکی شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے جب کہ 17 لاپتہ ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکی حکومت نے غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی کو روکنے کی کوشش کی ہے تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلیوں کو ان کی فوجی کارروائیوں کے بارے میں بات کرنے دیں گے۔