پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اشنا شاہ نے اب سے زندگی میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اشنا شاہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کھل کر کرتی ہیں۔
انہوں نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کی سابق اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال کے حوالے سے کہا کہ میں ان کے صبر و تحمل اور اللہ کی طرف رجوع کرنے کے بہترین ردعمل سے کافی متاثر ہوئی ہوں۔
اشنا شاہ نے کہا کہ ”اب سے میں ان باتوں کو اپنی زندگی میں شعوری طور پر نافذ کروں گی، ان شاء اللہ۔“
انہوں نے ایسی مثال قائم کرنے پر سیدہ بشریٰ اقبال کا شکریہ بھی ادا کیا۔
https://twitter.com/ushnashah/status/1525783871077367808?s=20&t=t6jsdunZL8AMxoriMbjJog
گزشتہ ماہ اشنا شاہ نے ایک شو میں شرکت کے دوران اپنی زندگی، کیریئر اور دیگر مسائل پر گفتگو کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو کالی رنگت سے نہ جانے کیا مسئلہ ہے، میں جم خود گاڑی چلا کر جاتی ہوں کیوں کہ مجھے یہ پسند ہے لیکن لوگوں کو میرے ہاتھوں کی رنگت سے مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے ہاتھوں اور چہرے کی تصاویر کا موازنہ کیا گیا اور مشورہ دیا گیا کہ اپنے ہاتھ بھی دھو لیا کریں جب کہ ان کو نہیں پتہ ہاتھوں کے رنگ کا ہاتھوں کو دھونے سے کوئی لینا دینا نہیں، میرے ہاتھوں کا رنگ سورج کی دھوپ کی وجہ سے جل گیا لیکن لوگوں کو پتہ نہیں کیوں ہر معاملے میں بولنے کا شوق ہوتا ہے۔