سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ان کے بھائیوں کے خلاف مقدمات میں گرفتاری کیلئے اینٹی کرپشن نے چھاپے مارے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے ڈی جی خان پولیس کے ہمراہ سابق وزیراعلیٰ اور بھائیوں کی گرفتاری کیلئے بزدار ہاؤس ڈی جی خان اور تونسہ میں چھاپے مارے ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کے آنے پر عثمان بزدار کے بھائیوں نے 26 جون تک حفاظتی ضمانت کے کاغذات دکھائے، جس پر اینٹی کرپشن حکام واپس چلے گئے۔
عثمان بزدار اور ان کے بھائیوں نے ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کر ا رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان بزدار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں
خیال رہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلیٰ کے خلاف ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں عثمان بزدار کے بھائیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ اور بھائیوں نے تونسہ میں کروڑوں کی 900کنال سرکاری زمین اپنے نام پر منتقل کروائی۔
اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف سرکاری زمین کو جعلسازی سے اپنے نام منتقل کرانے کا الزام ہے۔