لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ افسران خود فیلڈ میں نکلیں اورنکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بارش کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ
نشیبی علاقوں سے نکاسی آب پرتمام وسائل بروئے کارلائے جائیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، نکاسی آب کے کاموں میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی، افسران خود فیلڈ میں نکلیں اورنکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔
دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر کہروڑ پکا اور ٹبہ سلطان میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، کوہاٹ، کوئٹہ ، مکران، ملتان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش بارکھان میں 18 اور مالم جبہ میں 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔