لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کی تقدیر بدل کر نئے پاکستان کے خواب کوتعبیر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارا وژن غریب اورامیر میں فرق کوختم کرنا ہے، عوام کا معیارزندگی بلند کرنے کے لیے مثبت حکمت عملی سے کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی تقدیر بدلنے کا ایجنڈا لے کر آئی ہے، عوام کی تقدیر بدل کر نئے پاکستان کے خواب کوتعبیر دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی میں صرف اشرافیہ کونوازنے کے لیے پالیسیاں بنائی گئیں، سابق ادوار میں مخصوص طبقہ امیرہوتا گیا اور عام آدمی غریب، نئے پاکستان میں ظالمانہ نظام کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی، عثمان بزدار
یاد رہے کہ گزشتہ روز عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم باتیں نہیں کام کر کے دکھانے والے لوگ ہیں، ماضی میں قومی خزانے پر بے دردی سے ہاتھ صاف کیے گئے مگر اب لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کسی کوتبدیلی کے ایجنڈے کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے، اب پاکستان کا ہر شہری چاہیے وہ غریب ہو یا امیر سب سراٹھا کر فخر سے زندگی گزاریں گے۔