اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اور تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف نااہلی کا کیس سنجیدہ نوعیت کا ہے، سابق صدر کو اپنی نااہلی کا مکمل یقین ہے۔
اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’آصف زداری کو اپنی یقینی نااہلی نظر آرہی ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کیخلاف نااہلی کا کیس بہت سنجیدہ ہے، اس مقدمے کے دوران بہت سارے نام سامنے آئیں گے،سابق صدر کو محسوس ہورہا ہے وہ پارلیمنٹ سے نکال دیے جائیں گے اس لیے وہ سب کو ہی ایوان سے باہر کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی 2، 2 ہزار روپے دے کر لوگوں کو جمع کرتی ہے، ایسے جلسوں کی فکر نہیں کرنی چاہیے جس میں پیسوں کے عوض لوگ جمع کیے جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں 18ویں ترمیم پر بحث ہونی چاہیے، 18ویں ترمیم کے تحت ایک درجن سے زائد وزارتیں صوبوں میں لیکرگئے۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کا کیس میرٹ پر ہے، پہلے بھی عدالت سے مجھے کامیابی ملی ہے ، آصف زرداری قوم کو بتائیں گے مہرین شاہ کون ہیں ، اس لیے کہ اس نام کی تمام کڑیاں بےنامی اکاؤنٹس سےجڑتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو عدالت نے نوٹس جاری کردیا، ہماری کوشش منزل تک پہنچنے والی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اب یہ میدان چھوڑ کر نہیں بھاگیں گے۔
معاونِ خصوصی کا کہنا تھاکہ قوم تیاری کرلے اچھی خبریں آنے والی ہیں، آصف علی زرداری کی نشست خالی ہوگی، سیٹ پر پاکستان تحریک انصاف جیتے گی، خورشید شاہ ایک دور میں میٹر ریڈر تھے اور پھر وہ زمیندار بن گئے۔