اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

مفرور اور اشتہاری لوگ پاکستانی قوم کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں: عثمان ڈار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ اسحٰق ڈار جیسے مفرور اور اشتہاری لوگ مسلسل پاکستان اور پاکستانی قوم کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جس بری طرح اسحٰق ڈار کل پوری پاکستانی قوم کے سامنے ایکسپوز ہوئے ہیں مجھے انتہائی خوشی ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ دکھ اس بات کا ہے کہ یہ مفرور اور اشتہاری لوگ مسلسل پاکستان اور پاکستانی قوم کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاج کا بہانہ بنا کر 3 سال سے یہ لوگ وہاں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پروگرام ہارڈ ٹاک میں شرکت کی تھی جس کے میزبان اسٹیفن سکر نے ان سے تند و تیز سوالات کیے۔

اسحٰق ڈار نے اینکر کو بتایا کہ میری صرف پاکستان میں ایک جائیداد ہے جو موجودہ حکومت نے ضبط کرلی ہے، جس پر اینکر نے کہا کہ کیا آپ کی یا آپ کے خاندان کی لندن اور دبئی میں کوئی جائیداد نہیں جس پر اسحٰق ڈار نے کہا کہ صرف میرے بچوں کی ملکیت میں ایک ولا ہے۔

اینکر نے سوال کیا تھا کہ اگر آپ کی صرف ایک جائیداد اور اکاونٹس کلیئر ہیں تو آپ واپس جا کر کیسز کا سامنا کیوں نہیں کرتے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ میری طبعیت خراب ہے علاج کےلیے آیا ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں