منگل, اکتوبر 8, 2024
اشتہار

’گینگ آف کالا چور کا چیلا مظلوم بچہ بننے کی ناکام کوشش کر رہا ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو گینگ آف کالا چور کا چیلا کہہ دیا۔

علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کی فلاپ اسٹوری پر اس کے اپنے لوگ یقین نہیں کر رہے ہیں، گینگ آف کالا چور کا چیلا مظلوم بچہ بننے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف کے بھائی شہباز شریف وزیر اعظم ہیں اور بیٹی مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں، نواز شریف کے بغض میں جلتے آپ کا لیڈر اڈیالہ جیل میں پہنچ گیا ہے۔

- Advertisement -

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ نواز شریف پاکستان اور قوم کی بات کرنے والے قومی لیڈر ہیں لیکن آپ لوگ کنویں کے مینڈک ہیں اس سے باہر نہیں نکلنا چاہتے۔

انہوں نے طنز کیا کہ جانوروں کی جگہ مویشیوں منڈیاں ہوتی اسمبلیاں نہیں، ہر ہفتے پنجاب اور وفاق پر چڑھائی کرنے کے بجائے صوبے کی عوام پر رحم کھائیں، صوبہ چلانے کے قابل نہیں تو خیبر پختونخوا کی جان چھوڑیں۔

قبل ازیں، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ منافقت کرے اللہ انہیں غرق کرے، ہمارے نظریے کے ساتھ جو بھی منافقت کرے اللہ اسے بھی غرق کرے، بانی پی ٹی آئی حکم دیں تو اگلا قدم وزیر اعظم شہباز شریف کا بیڈروم ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ احتجاج کا جو حکم ملا تھا وہ ریکارڈ کورا کر پر امن طریقے سے آگئے، ان کے دھوکے میں مت آؤ، یہ گھبرا گئے ہیں ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ کے دوران آئی جی اسلام آباد میرا فون لے کر گئے، جتنے بھی پی ٹی آئی کارکنان گرفتار ہیں انہیں رہا کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو وارننگ دیتا ہوں آئی جی اسلام آباد کو نہ ہٹایا تو دھاوا بولیں گے، اس آئی جی نے کے پی حکومت کی ملکیت پر حملہ کیا ہے، ہم دوبارہ اسلام آباد آرہے ہیں کیا آپ سب تیار ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا مزید کہنا تھا کہ کے پی ہاؤس میں کے پی پولیس کے اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، مجھےاندازہ ہوگیا تھا کہ میری گرفتاری وقار کے ساتھ نہیں ہوگی، ڈی پی او سے بات ہوئی تو اس نے کہا میرے چھوٹے بچے ہیں میرا نام مت لینا ورنہ نوکری چلی جائے گی، اس نے مجھے کہا تھا پشاور پہنچانے کی ضمانت نہیں دے سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے ورکرز کو سلام پیش کرتا جنہوں نے اس ظلم اور فسطائیت کا سامنا کیا، گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا دینا ہے اور وہ دھکا بھی ہم ہی دیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں