اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پہلی مرتبہ ملک میں آدھے ملین سے زیادہ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسد عمر نے ٹوئٹ کیا کہ گزشتہ روز ملک بھر میں 5 لاکھ 25 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کی ویکسینیشن پہلی مرتبہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 3لاکھ90ہزار افراد کو ویکسین کا پہلا ڈوز لگایا گیا۔ ویکسی نیشن کی رفتار مزید بڑھائی جائے گی۔
For the first time we crossed half a million doses of vaccination yesterday. 5 lakh 25 thousand doses were administered yesterday. Highest ever first dose was also achieved yesterday with 3 lakh 90 thousand first doses administered. The pace will increase further inshallah
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 13, 2021
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کورونا کے تازہ اعداد وشمار جاری کردیے جن میں کہا گیا ہے کہ 24گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے 21مریض جاں بحق ہوئے۔
این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں 1590 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 39ہزار644ہوگئی، ملک میں کورونا کے 9 لاکھ 14 ہزار 605 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں، ملک میں اب تک 9 لاکھ 76 ہزار 867 مثبت کورونا کیس سامنے آئے ہیں۔
ملک میں کورونا سے اب تک 22ہزار618اموات ہوچکی ہیں۔ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 43ہزار790کوروناٹیسٹ کیےگئے، ملک میں کورونا کے 215 مریض وینٹی لیٹر پر زیرعلاج ہیں جبکہ ملک کے 639 اسپتالوں میں کورونا کے 2447 مریض زیر علاج ہیں۔