کراچی : اداکارہ وینا ملک اپنے شوہر اسد خٹک کے ہمراہ معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت کرنے اور ان کی خدمات کو سراہنے کے لئے ایدھی ہوم میٹھا در کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ وینا ملک نے ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ اور معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی سے ملاقات کی، اس موقع پر ان کے شوہر اسد خٹک اوران کا بیٹا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وینا ملک کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے، مجھے بے حد خوشی ہے کہ آج ایدھی صاحب سے ملاقات کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر برائیوں کے باوجود دنیا میں اچھے لوگ موجود ہیں، جن کے باعث آج تک دنیا قائم ہے۔
اس موقع پر وینا ملک نے عبدالستار ایدھی کی صحتیابی کے لئے دعا کی اور فلاحی کاموں میں اپنی خدمات پیش کرنے کا اعلان کیا۔
Such an Honour to meet Edhi sahib & Spent time with abandoned kids on #motherday .Plz pray for Edhi sahib’s Health.. pic.twitter.com/JFLdOw8Uyl
— Veena Malik Khan (@iVeenaKhan) May 8, 2016
ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ماں کا رشتہ دنیا کا سب سے انمول رشتہ ہے، یتیم بچوں کے ساتھ آج کے اہم دن بچوں کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔
فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وینا ملک کا کہنا تھا کہ اگر کسی پراجیکٹ فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تو سوچ کر فیصلہ کرسکتی ہوں۔
وینا ملک اور ان کے شوہر نے ایدھی ہوم میں موجود بچوں کے ساتھ نظمیں پڑھیں اور بچوں کے ساتھ مختلف کھیل کھیلے۔
مزید پڑھیں اداکارہ ’ وینا ملک ‘ نے بقیہ زندگی اسلام کے مطابق گزارنے کا اعلان کردیا
فیصل ایدھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایدھی صاحب کی طبیت میں بہتری آئی ہے، دکھی انسانیت کی خدمت رکھنے والوں کے لئے ایدھی صاحب کا نظریہ مشعل راہ ہے۔