کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لاہور قلندرز کے کھلاڑی محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم کی شروعات اچھی نہیں تھی لیکن پشاور زلمی کے خلاف فتح سے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چالیس سالہ بیٹسمین محمد حفیظ نے کہا کہ پشاور زلمی کے خلاف ہمارا آغاز اچھا نہیں تھا، شروع میں وکٹیں گرنے سے مسئلہ درپیش تھا، تاہم میدان میں اترتے وقت دباؤ کو سوار نہ کرنے کا سوچ لیا تھا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ بین ڈنک نے میرا بھرپور ساتھ دیا، ڈیتھ بولنگ ہماری کمزوری دکھائی دیتی ہے، ابتدائی بیٹنگ سمیت فیلڈنگ پر توجہ دینی ہے۔
انھوں نے کہا میں ماضی کو بھلا کر حال کے بارے میں سوچتا ہوں، میں نے حالات کے مطابق پرفارمنس دی، جیت کے بعد ملتان سلطانز کے چیلنج کے لیے اب تیار ہیں، پشاور زلمی کے خلاف فتح سے حوصلے بلند ہوگئے ہیں، لاہور قلندرز اب نیا کارنامہ کرنے جا رہی ہے۔
Mohammad Hafeez keeps Lahore Qalandars’ #HBLPSLV dream alivehttps://t.co/WAJ2NifQJi#PZvLQ #PhirSeTayyarHain
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) November 14, 2020
ادھر پشاور زلمی کے کپتان بھی محمد حفیظ کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، وہاب ریاض نے لاہور قلندرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا محمد حفیظ کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔
پہلا ایلیمینٹر: لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
وہاب ریاض کا کہنا تھا ڈیو فیکٹر کی وجہ سےگیندگیلی ہو رہی تھی، کرکٹ میں ہر بار اچھی چیز نہیں ہو پاتی ہے، امید تھی کہ اگلا میچ کھیلیں گے لیکن مایوسی ہوئی، ایسے میچ میں غلطیاں نہیں کرنا تھی جو کر بیٹھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، محمد حفیظ نے 46 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، حفیظ کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔