کراچی میں دو گاڑیوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں چار نوجوان زخمی ہوگئے جب کہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ خوفناک حادثہ ملیر کینٹ روڈ پر پیش آیا جہاں دو گاڑیوں میں زوردار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں گاڑیاں تباہ ہوگئیں جب کہ ان میں سوار چار نوجوان زخمی ہوگئے۔
حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ ایک گاڑی کا انجن نکل کر سڑک پر دو جا گرا اور گاڑی قلابازیاں کھاتی ہوئی فٹ پاتھ کے قریب جا کر رکی جب کہ دوسری گاڑی کے اگلے حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ جمعہ کی علی الصباح چار بجے کے قریب مبینہ طور پر کار ریکسنگ کے دوران تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کار سواروں نے کارروائی سے منع کر دیا ہے اور پولیس کو کہا جا رہا ہے کہ ہمارا آپس کا معاملہ ہے۔