کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اب رکشہ ڈرائیور کا بھیس بدل کر بھی وارداتیں کرنے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچے کے علاقے ناظم آباد نمبر چار پر ایک سفید پوش فیملی سے جہیز کا سامان لوٹ لیا گیا، واردات کرنے والے رکشہ ڈرائیور کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں رکشہ ڈرائیور کو سی سی ٹی وی کیمرے سے بچنے کی کوشش کرتا رہا۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اس کی بہن کی اس ماہ کے آخر میں شادی ہے جس کے لیے والدہ اور خالہ جہیز کا سامان خریدنے لیاقت آباد مارکیٹ گئی تھی۔
اہلخانہ کا کہنا تھا کہ والدہ نے ایک لاکھ سے زائد مالیت کے برتن اور دیگر سامان خریدا جسے اورنگی ٹاون میں گھر لے جانا تھا، مارکیٹ میں موجود رکشے والے سے کرایہ طے کیا، کچھ سامان رکشے کے اندر باقی چھت پر رسی سے باندھا، رکشے پر سامان لوڈ کرکے ناظم آباد چار نمبر پر پہنچے تھے کہ اچانک رکشے والے رکشہ روک کر والدہ اور خالہ کو زبردستی اتارا اور سامان لے کر فرار ہوگیا۔
نوجوان کے مطابق ناظم آباد تھانے گئے وہاں پر ہمیں کچی پرچی دے دی گئی، مارکیٹ سے حاصل ہونے والے سی سی ٹی وی فوٹیج میں رکشہ ڈرائیور کو شلوار قمیص میں دیکھا جاسکتا ہے جو کیمرے سے بچنے کی کوشش کرتا رہا اور بظاہر رکشے والا منصوبہ بندی سے مارکیٹ میں موجود تھا۔
سفید پوش فیملی نے پولیس حکام سے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے سامان برآمدگی کی اپیل کی ہے۔