بی پی کمپنی کی جانب سے برمنگھم میں برطانیہ کے سب سے بڑے الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا گیا جس میں بیک وقت 180 کاروں کو چارج کیا جاسکتا ہے۔
مذکورہ چاجنگ حب (مرکز) انگلینڈ کے مرکزی حصے میں واقع تین موٹر ویز کے انٹرسیکشن پر بنایا گیا ہے جس میں 30 الٹرا فاسٹ 300 کلوواٹ کے چارجنگ اسٹیشن بھی موجود ہیں جو کہ 15 منٹ میں اتنی چارجنگ کر سکتے ہیں کہ گاڑی 100 میل (160.93 کلومیٹر) تک چلنے کے قابل ہوجائے جب کہ یہاں7 کلوواٹ کے 150 سلو چارجنگ پوائنٹس بھی ہیں۔
برطانیہ میں خدمات انجام دینے والی الیکٹرک وہیکل چارجنگ کمپمنی بی پی پلس کی سی ای او اکیرہ کرٹون نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ ایک بلین پاؤنڈ کے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ایک عشرے کے دوران ملک میں سیکڑوں چارجنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ بی پی پلس 100 فیصد قابل تجدید توانائی کا استعمال کرتی ہے، تاہم انھوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ اس کے ذریعے کمپنی کتنا منافع حاصل کرے گی۔
کرٹون کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سائٹس پر خاصی تعداد میں کاروں کی آمد دیکھی ہے اور ان سائٹس میں سے اکثر ہمارے لیے منافع بخش ہیں۔