اشتہار

کورنگی عوامی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیوز سامنے آ گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی عوامی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیوز سامنے آ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی میں گزشتہ روز ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیوز سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈکیتی کے وقت عوامی کالونی کی گلی میں کس طرح ماحول دیر تک تناؤ کا شکار ہو گیا تھا، اور محلے والے بڑی تعداد میں جمع ہو کر علاقے کو گھیرے ہوئے تھے۔

ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو گلی میں فائرنگ کرتے ہوئے ایک گھر میں گھس گئے، آدھےگھنٹے تک پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا، ڈاکو گھروں میں چھپ کر پولیس پر فائرنگ کرتے رہے۔

- Advertisement -

واقعے سے متعلق ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران ایک کانسٹیبل نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کر کے ڈاکوؤں کا راستہ روکا، انھوں نے کہا کہ پولیس کانسٹیبل رانا تسلیم نے موقع پر پہنچ کر ملزمان سے مقابلہ کیا تھا، جس کی وجہ سے وہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہوا، رانا اس وقت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق اس کارروائی میں پولیس نے 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا، جب کہ ڈاکوؤں کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، گرفتار ڈاکوؤں نے اپنے ساتھیوں کے نام بھی اگل دیے ہیں، جب کہ گرفتار ڈاکوؤں کے نام عزیز، شفیق اور اظہر ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اس مقابلے کے بعد اسٹریٹ کرائم سے تنگ آئے عوام نے بھی ڈاکوؤں پر خوب ہاتھ صاف کیا تھا، اور ڈاکوؤں پر تشدد کیا، ایس ایس پی نے بھی بتایا کہ موقع پر پکڑے گئے ڈاکوؤں کو علاقہ مکینوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

ایس ایس پی کے مطابق ڈاکوؤں سے نائن ایم ایم ہتھیار اور 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد رقم برآمد کی گئی ہے، اسلحہ فرانزک کے لیے بھیجا جا چکا ہے، جب کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا تھا لیکن وہ نہیں ملے، یہ گروپ مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا اعتراف کر چکا ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں