لاہور : ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث مریض کی موت کے معاملے پر ڈاکٹروں کا مؤقف غلط نکلا، جان کی بازی ہارنے والا مریض ڈیڈ ریسیو نہیں تھا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع سروسز اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے مریض جاں بحق ہو گیا تھا جس متعلق ینگ ڈاکٹرز نے دعویٰ کیا تھا کہ مریض اسپتال پہنچنے سے قبل ہی جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی فوٹیج نے واقعے کی حقیقت آشکار کردی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سروسز اسپتال میں جان کی بازی ہارنے والا مریض ڈیڈ ریسیو نہیں تھا بلکہ وہ چل کر اسپتال آیا تھا۔
فوٹیج میں ڈاکٹرز کا رسپانس ٹائم ایک منٹ ریکارڈ کیا گیا جب کہ مریض کو مکمل چیک اپ کے پانچ منٹ کے بعد ان ڈور شفٹ کردیا گیا تھا کیوں کہ ڈاکٹرز کے چیک اپ کے دوران ہی مریض کی حالت غیر ہوگئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے سمن آباد کے رہائشی مریض حامد یاسین کی عمر 32 سال تھی، جس کی ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث موت پر لواحقین نے ڈاکٹرز کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔