جاپان کے ایک کنڈرگارٹن اسکول کی وائرل ویڈیو نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے، جس میں بچوں کے جوتے چوری کرنے والا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔
یہ دل چسپ واقعہ جنوب مغربی جاپان کے علاقے فوکوکا میں پیش آیا، جہاں کنڈرگارٹن اسکول میں بچوں کے جوتے چوری ہو رہے تھے، اور چور کا پتا نہیں چل رہا تھا۔
آخرکار اسکول میں جوتے چوری کے واقعات کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب اسکول میں تین خفیہ کیمرے لگائے گئے، جاپانی پولیس کے مطابق جب واردات کے بعد فوٹیجز چیک کی گئیں تو سب کو حیرت کا جھٹکا لگا۔
ویڈیو میں چور کوئی انسان تھا ہی نہیں، بلکہ یہ ایک چھوٹا سا نیولا تھا، جس نے آ کر جوتا منہ میں دبایا اور دوڑتا ہوا بھاگ گیا، ڈپٹی پولیس چیف ہیروکی آنڈا نے اتوار کو ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’یہ اچھی بات ہے کہ یہ انسان نہیں تھا۔‘
دراصل اساتذہ اور والدین کو اس بات کی فکر تھی کہ کہیں چور جوتوں کے جنون میں مبتلا کوئی شخص نہ ہو، واضح رہے کہ جاپان میں یہ رواج ہے کہ لوگ گھروں میں داخل ہونے سے پہلے اپنے جوتے اتار دیتے ہیں، اسکول کے بچوں کے جوتے بھی دروازے کے قریب ریک میں رکھے ہوتے تھے۔
قارئین کے لیے یہ بات دل چسپی کی باعث ہوگی کہ نیولا ایسا جانور ہے جسے لوگ پالتو کے طور پر بھی پالتے ہیں، وہ کھلونوں کو چھپانے میں ماہر ہوتے ہیں۔ اسکول میں بھی نیولے نے چرائے ہوئے جوتے مختلف جگہوں پر چھپائے تھے۔
جب پولیس سے رابطہ کیا گیا تو اس وقت تک 15 جوتے غائب ہو چکے تھے، اور اگلے دن اس نے مزید 6 جوتے غائب کر دیے، جب نیولا 12 نومبر کو ایک اور جوتا چرانے کے لیے واپس آیا، تو اسے کیمرے میں جوتا چوری کرتے ریکارڈ کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق چوری شدہ جوتے بہت تلاش کے باوجد نہیں مل سکے۔