جاپان کے خلاباز کوئچی نے خلا میں بیس بال کھیلی اس میں وہ خود ہی بولنگ کرتے شاٹ لگاتے کیچ پکڑتے دکھائی دیے۔
بیس بال دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک ہے۔ ایک جاپانی خلا باز کوئچی نے اس کھیل کو خلا میں کھیل کر سب کو حیران کر دیا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں کوئچی کو خلا میں تنہا بیس بال کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس ویڈیو میں کوئچی خود ہی بال کراتے ہیں، خود ہی شاٹ لگاتے ہیں اور پھر خود ہی شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیچ بھی پکڑتے ہیں۔
سپرمین بنے کوئچی وکاٹا کی اس ویڈیو میں بیس بال کھیلتے ہوئے خاصے خوش دکھائی دیے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کوئچی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں پہلے گیندبازی کرتے ہیں، پھر تیزی سے دوسری طرف بھاگ کر اسٹک اٹھا کر شاٹ مارتے ہیں۔ آخر میں تیزی کے ساتھ گیند کے پیچھے بھاگتے ہوئے اسے کیچ بھی کر لیتے ہیں۔
یہ ویڈیو خلاباز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہے اور اس میں لکھا کہ ’’یہ بیس بال کا موسم ہے۔ جاپان میں ایم ایل بی سیزن اوپنر کی شروعات ہو رہی ہے۔ اپنے ایکسپیڈیشن 68 کے دوران میں نے بھی خلا میں بیس بال کھیلا، لیکن تنہا۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’دلچسپ بات تو یہ ہے کہ مائیکرو گریویٹی میں آپ کو مکمل ٹیم کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ یہاں سبھی پوزیشن میں تنہا ہی کھیل سکتے ہیں۔‘‘