حیدرآباد میں موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر کے نام سے نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والے شخص کو یہ سفر مہنگا پڑ گیا پولیس نے پکڑ لیا۔
حیدرآباد میں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے نام سے نمبر پلیٹ لگا کر سڑکوں پر گھومتے دیکھا گیا۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ جب اس سے تفتیش کی گئی تو ڈی سی آفس کا ہی خاکروب نکلا۔
ملزم نے ڈپٹی کمشنرکے نام کی نمبر پلیٹ لگانے پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہے اور کہتا ہے کہ گاڑی کے کاغذات گم ہو گئے تھے، اس لیے ڈی سی کے نام کی نمبر پلیٹ لگائی۔ غلطی ہوگئی ہے معاف کریں آئندہ نہیں لگاؤں گا۔
اس موقع پر پولیس افسر کی آواز سنائی دیتی ہے کہ اگر آئندہ لگائی تو جس پر ملزم کہتا ہے کہ پھر جو آپ سزا دینا چاہیں دے دیجیے گا۔