گابا ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش نے شبھمن گل کا کیچ تھام کر سب کو حیران کردیا۔
گابا میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم ٹریوس ہیڈ اور اسٹیو اسمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت 445 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جواب میں بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور کھیل کے اختتام پر بھارت نے چار وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنالیے ہیں۔
یشسول جیسوال 4، شبھمن گل ایک، ویرات کوہلی 3 اور رشبھ پنت 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کے ایل راہول 33 اور کپتان روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے دو، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
تاہم بھارت کی اننگز کے دوران مچل مارش نے دو شاندار کیچ پکڑ کر سب کو حیران کردیا پہلے مارش نے شارٹ مڈ وکٹ پر یشسول جیسوال کا کیچ پکڑا۔
جب شبھمن گل بیٹنگ کے لیے آئے تو انہوں نے ایک ہی رن ہی بنایا تھا کہ مچل اسٹارک کی گیند پر مارش نے گلی میں لیفٹ سائیڈ پر ڈائیو لگا کر ناقابل یقین کیچ تھام لیا۔
کیچ پکڑنے کے بعد مچل مارش نے گیند لے کر بھاگتے ہوئے وکٹ کا جشن منایا۔
بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مچل مارش نے کہا کہ وہ گلی میں فیلڈنگ کرتے وقت ہمیشہ نروس رہتے تھے اور ان کا جشن منانے کا مقصد ساتھیوں کو بتانا تھا جو ان کا مذاق اڑاتے ہیں۔
جب ان سے دو کیچوں کی پسندیدگی سے متعلق پوچھا گیا تھا آل راؤنڈر نے کہا کہ شبھمن گل کا کیچ اچھا تھا لیکن یشسول جیسوال کا کیچ بھی اتنا ہی شاندار تھا۔