پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے اب بولنگ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔
پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ان ہی تیاریوں کے دوران کپتان محمد رضوان کی بولنگ کرانے ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
محمد رضوان جو چیمپئنز ٹرافی میں بدترین کارکردگی کے بعد نہ صرف کڑی تنقید کی زد میں ہیں بلکہ وہ ٹی 20 ٹیم کی قیادت سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔
تاہم وہ بدستور ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے اور گرین شرٹس ان دنوں نیشنل اکیڈمی میں رواں ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کی تیاری میں مصروف ہے۔
نیٹ پریکٹس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بولنگ کراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رضوان نے نیٹ میں بولنگ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کھلاڑی کو آؤٹ بھی کیا۔
اس ویڈیو پر سوشل میڈیا پر صارفین بھی دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ بولرز کی ناقص کارکردگی سے مایوس ہو کر رضوان نے خود بولنگ کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی حالیہ شکستوں میں جہاں پاکستان کی فلاپ بیٹنگ کا عمل دخل ہے وہیں بولرز کی ناقص کارکردگی بھی اس کی ذمہ دار ہے۔ قومی بولرز آج کل حریف ٹیموں کی وکٹیں لینے کے بجائے انہیں خوب رنز دے رہے ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی مزید تنزلی