جیسا دیس ویسا بھیس ایک مشہور مقولہ ہے جس کو اپناتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کرکٹر کین ولیمسن نے خود کو دیسی رنگ میں رنگ لیا۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم جو حال ہی میں پاکستان کو سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہرا چکی ہے اور اب چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ کھیلنے کے لیے کراچی میں موجود ہے۔
کیوی ٹیم کے سابق کپتان اور نامور بیٹر کین ولیمسن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ ٹی شرٹ کے ساتھ سفید رنگ کی دھوتی اور چپل پہنے ہوٹل سے نکلتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سرمئی رنگ کی ٹی شرٹ کے ساتھ سفید دھوتی، آنکھوں پر سیاہ چشمہ، ہاتھ میں موبائل اور پیروں میں چپل کے ساتھ وہ دیسی لُک میں منفرد نظر آ رہے ہیں اور اس ویڈیو نے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ کئی صارفین نے کہا کہ ولیمسن نے جنوبی ایشیا کا روایتی لباس دھوتی پہن لی ہے تاہم کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جو اس کو ایک عام تولیہ قرار دے رہے ہیں۔
تاہم صارفین کی اکثریت کو کیوی بیٹر کا یہ انداز بہت بھایا ہے اور وہ اس کو خوب سراہ رہے ہیں۔