پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے شمالی علاقے میں موجود مشہور امریکی وی لاگر نے بھارتی میڈیا کی منفی رپورٹنگ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
صرف مودی سرکار ہی نہیں بلکہ بھارت کا گودی میڈیا بھی جنگی جنون میں مبتلا ہے۔ بھارت کے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے کے فوری بعد پاک فوج کی جانب سے کرارا جواب ملنے پر بھارتی میڈیا اپنی ہزیمت مٹانے کے لیے منفی پروپیگنڈے پر اتر آیا ہے اور ایسی رپورٹنگ کر رہا ہے کہ جیسے پاکستان کے شہری شدید خوفزدہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کا جہاں خود بھارت میں مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ وہیں پاکستان کے شمالی علاقے میں موجود مشہور امریکی وی لاگر نے بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے بتا دیا کہ پاکستانی مطمئن اور خوش جب کہ وہ خود کو بھی پاکستان میں محفوظ تصور کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر معروف امریکی وی لاگر ڈریو بنسکی نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں ہیں اور اس وقت کشمیر کے قریب شمالی علاقوں میں گھوم رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بنسکی سڑکوں پر بے خوف گھوم رہے ہیں اور سڑکوں پر نکالے جانے والی پاکستان کے حق میں ریلیاں بھی دکھا رہے ہیں۔
اس موقع پر وہ مقامی لوگوں سے گھل مل رہے ہیں جب کہ دکھا رہے کہ بازار اور سڑکوں پر معمولات زندگی برقرار اور شہری بے خوف ہیں۔
بنسکی نے اپنی اس ویڈیو میں کہا کہ ’مجھے بہت سے لوگوں نے میسجز کر کے حال چال پوچھا، میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں محفوظ ہوں اور یہاں لوگوں سے مل جل رہا ہوں‘۔
امریکی وی لاگر نے کہا کہ ’یہاں کے لوگ سکون سے بے پرواہ طریقے سے زندگی جی رہے ہیں، جیسا خبروں میں دکھایا جاتا ہے ویسا کچھ نہیں ہے‘۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ منفی پروپیگنڈا دنیا بھر میں بے نقاب ہونے کے بعد اب بھارتی میڈیا خود اپنی پروپیگنڈا رپورٹنگ پر معافی مانگنے پر اتر آیا ہے۔
بھارتی ٹی وی چینل ’آج تک‘ نے معافی مانگی ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی زیر گردش ہے۔ اس ویڈیو میں خاتون اینکر کا کہنا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں کچھ ادھوری رپورٹس دکھائی گئی جس کے لیے معافی چاہتے ہیں۔