سوشل میڈیا پر آئے روز نت نئی ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔
ایسی ہی ایک ویڈیو چین کے چونگ کنگ چڑیا گھر سے سامنے آئی ہے جس میں پانڈا کو خاتون زو کیپر پر حملہ کرتے دیکھا گیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پانڈا دروازے میں پنجہ آنے پر بپھر گیا اور خاتون محافظ پر حملہ کردیا۔
خاتون محافظ نے پانڈا کو کمرے میں جانے سے روکنا چاہا اس دوران اس کا پنجہ دروازے میں آگیا اور وہ خاتون کو گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گیا۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ 19 ستمبر کو پیش آیا، خاتون پانڈے کے حملے سے بچنے میں کامیاب ہوگئی، چڑیا گھر کے حکام واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
اس سے قبل چین کے نان چھینگ چڑیا گھر میں 20 سالہ نوجوان مبینہ طور پر 2 خواتین کو متاثر کرنے کے لیے پانڈا کے پنجرے میں داخل ہوا تھا جہاں می لِنگ نامی ایک 12 سالہ پانڈا مزے سے سو رہا تھا۔
نوجوان پانڈا کے قریب گیا اور سوئے ہوئے پانڈا کے سر پر ہاتھ پھیرنے لگا، تاہم می لِنگ ناراض ہوگیا اور اس نے بلاوجہ جگائے جانے پر نوجوان پر حملہ کردیا۔
آخر کار نوجوان پانڈا کے ‘چنگل’ سے بچ نکلنے پر کامیاب ہوگیا تھا۔
چڑیا گھر کے مینیجر کا کہنا تھا کہ نوجوان کی خوش قسمتی تھی کہ پانڈے نے محض نوجوان کو زمین پر گرایا ورنہ وہ شدید زخمی بھی ہوسکتا تھا۔