کامیابی کے عروج پر کسی شخص کے لیے مسلسل ناکامیاں ذہنی اذیت سے کم نہیں اسی ناکامی نے ویرات کوہلی کو توہم پرست بنا دیا۔
ویرات کوہلی بھارتی کرکٹ کا بڑا نام ہیں۔ ان کے پاس کئی عالمی ریکارڈز ہیں اور وہ ٹیم کو تن تنہا کئی فتوحات دلا چکے ہیں۔ ٹنڈولکر کا جاں نشین قرار دیے جانے والے یہ سپر اسٹار ان دنوں بیٹنگ کی بدترین فارم سے گزر رہے ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ بھی توہم پرست ہوگئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں ویرات کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما اور بچوں کے ہمراہ ایک پنڈت کے پاس بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویرات کوہلی نے مذکورہ پنڈت پریمانند مہاراج کے قدموں میں بیٹھ کر اپنے مذہبی عقائد کے مطابق انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور پراتھنا کی۔
اس موقع پر انوشکا شرما پنڈت سے گفتگو کرتے دکھائی اور سنائی دیتی ہیں اور اس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ جب پہلے ہم آئے تھے تو میرے ذہن میں کچھ سوالات تھا اور مجھے ایسا لگتا ہے کہ جیسے میں آپ کے ساتھ اپنے ہی دماغ میں بات کر رہی ہوں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ناکام رہے ہیں اور گزشتہ 10 ٹیسٹ میچوں میں صرف 380 رنز بنائے ہیں۔
ویرات کوہلی کی پنڈت سے ملاقات اور چرنوں میں بیٹھنے کی ویڈیو ایسے وقت وائرل ہوئی ہے جب کرکٹر اپنے کیریئر کے بدترین دور اور شدید تنقید سے گزر رہے ہیں۔
شائقین کرکٹ اور ماہرین ان سے ریٹائرمنٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اسی تنقید کے دوران بھارتی سلیکشن کمیٹی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ کا اعلان بھی کرنا ہے۔
اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین ملے جلے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں اور اکثر ویرات کوہلی کو خراب فارم سے نکلنے کے لیے توہم پرستانہ قدم قرار دے رہے ہیں۔