بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما نے بھارت چھوڑ کر مستقل طور پر لندن میں رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے دوسرے بچے اکائے کی پیدائش کے بعد سے لندن منتقل ہونے کا سوچ رہے ہیں، بیٹے اکائے کی پیدائش سے قبل ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے لندن میں کافی وقت گزارا تھا اور بیٹے کی پیدائش بھی لندن میں ہوئی تھی۔
اب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ویرات اور انوشکا بچوں کے ساتھ مستقل طور پر لندن میں شفٹ ہوسکتے ہیں جہاں وہ ایک عالیشان گھر خریدنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویرات کوہلی ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں اس لیے اب وہ برطانیہ میں مستقل ہی رہیں گے اور آئی پی ایل یا ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کے لیے بھارت واپس آئیں گے۔
View this post on Instagram
جوڑے کی لندن شفٹ ہونے کی افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب کوہلی ممبئی میں ٹیم کے ہمراہ وکٹری پریڈ میں شرکت کے بعد اہلیہ اور بچوں سے ملنے کے لیے لندن روانہ ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کیخلاف ویرات کوہلی نے شاندار نصف سنچری اسکور کی تھی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما 11 دسمبر 2017 کو اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے ان کے دو بچے 3 سالہ بیٹی وامیکا اور پانچ ماہ کا بیٹا اکائے کوہلی ہیں۔