تازہ ترین

ویرات کوہلی الیون کا موازنہ سابق کھلاڑیوں سے نہیں کرنا چاہئے، محمد یوسف

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی الیون کا موازنہ سابق بھارتی کھلاڑیوں سے نہیں کرنا چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی الیون کا موازنہ سابق بھارتی کھلاڑیوں سے کرنا درست نہیں، موجودہ بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی اور روہت شرما کے علاوہ کوئی قابل ذکر بیٹسمین موجود نہیں ہے۔

محمد یوسف نے کہا کہ ماضی میں بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی کرکٹ ٹیموں میں 3 سے 4 بہترین کھلاڑی ہوا کرتے تھے، مثال کے طور پر بھارت کی ماضی کی ٹیم میں راہول ڈریوڈ، سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، سارو گنگولی، وی وی ایکس لکشمن اور یووراج سنگھ جیسے بہترین کھلاڑی ایک وقت میں ٹیم کا حصہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی اور روہت شرما کے علاوہ کوئی اچھا بیٹسمین موجود نہیں ہے تو ان دونوں کھلاڑیوں کا موازنہ سچن ٹنڈولکر یا راہول ڈریوڈ سے کیسے کیا جاسکتا ہے۔

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی اس وقت دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں، بابر اعظم اگر اپنی کارکردگی کو مزید نکھاریں تو وہ بھی دنیا کے بہترین کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی پر تحفظات تھے مگر انہوں نے حالیہ آسٹریلیا دورے کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب وہ تواتر کے ساتھ طویل فارمیٹ میں سنچری اسکور کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد یوسف نے 90 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے 288 ون ڈے میچز اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے، ون ڈے میچز میں انہوں نے 9720 رنز، ٹیسٹ میں 7530 جبکہ ٹی ٹوینٹی میں 50 رنز اسکور کیے، یوسف نے اپنے کیریئر میں 39 سنچریاں اور 97 نصف سنچریاں اسکور کیں۔

Comments