ویرات کوہلی کی قسمت ان سے کافی دنوں سے روٹھی ہوئی ہے، وہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ایک بار پھر سے ناکام ثابت ہوئے۔
انجری کے بعد انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں واپس آنے والے ویرات کوہلی کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا ہے، ان کے لیے چیزیں منصوبے کے مطابق نہیں ہورہی ہیں، کٹک کے بارباتی اسٹیڈیم میں بھی ان کی خراب فارم کا سلسلہ جاری رہا۔
بھارت کے سابق کپتان حالیہ دور میں ہمیشہ کی طرح پچ پر مختصر وقت کے مہمان ثابت ہوئے انھوں نے 8 بالز کھیل کر صرف 5 رنز بنائے اور چلتے بنے۔
انگلش لیگ اسپنر عادل رشید کی گیند پر ویرات کوہلی مضحکہ خیز انداز میں آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر فل سالٹ نے ان کا کیچ لیا۔
’کوہلی کی حرکتیں دیکھ کر لگتا نہیں کہ ان کے دو بچے بھی ہیں‘
اننگز کے 20ویں اوور میں ہی کوہلی کا قصہ تمام ہوگیا جب بھارت کا اسکور 150 رنز تھا، اوور کی تیسری گیند کوہلی کے بلے کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر کے گلوز میں گئی، انگلینڈ کے پلیئرز نے اپیل کی مگر امپائر نے آؤٹ نہ دیا۔
انگلینڈ کے کپتان نے اس پر ریویو لے لیا، جس سے واضح ہوا کہ گیند ویرات کوہلی کے بلے کا کنارہ لیتی ہوئی گئی ہے جس کے بعد امپائر نے اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے انھیں آؤٹ قرار دیا۔