روہت شرما کے بعد ویرات کوہلی نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تاہم ان کی ریٹائرمنٹ کے پیچھے اہم سنگین وجہ سامنے آ گئی ہے۔
بھارت کو ایک سال سے بھی کم عرصہ میں اپنی قیادت میں دو آئی سی سی ٹرافی جتوانے والے کپتان روہت شرما نے گزشتہ دنوں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
اب ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی ویرات کوہلی نے بھی اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
تاہم ویرات کوہلی جو حال ہی میں ابھی مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا عندیہ دے چکے تھے۔ ان کی اچانک اس ریٹائرمنٹ کے پیچھے چھپی سنگین وجہ سامنے آ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی کے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں سے سب سے سنگین اور اہم وجہ بھارتی کرکٹ بورڈ سے ناراضگی ہے۔
رپورٹ کے مطابق روہت شرما کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دورہ انگلینڈ کے لیے بھارتی ٹیم کے ایک سینئر کھلاڑی (ممکنہ طور پر ویرات کوہلی) نے قیادت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے انکار کر دیا.
اب اچانک ویرات کی جانب سے ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد یہ چہ مہ گوئیاں ہو رہی ہیں کہ کہیں وہ کھلاڑی ویرات تو نہیں تھے۔ جس کی سب سے بڑی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ چند روز قبل ہی انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما کے بعد ویرات کوہلی کے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنت لینے کی دوسری بڑی وجہ اس فارمیٹ میں انکی طویل عرصہ سے خراب فارم اور حالیہ دورہ آسٹریلیا میں مایوس کن کارکردگی ہے۔
36 سالہ کوہلی نے 111 ٹیسٹ میچز میں 46.8 کی اوسط سے 9230 رنز بنائے ہیں اور وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز کرنے والے بھارتی کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
تاہم گزشتہ سال اس عظیم کھلاڑی نے 10 ٹیسٹ میچوں میں محض 24.52 کی اوسط سے 417 رن ہی بنائے تھے۔ 2020 میں ان کی اوسط 19.33 رہی۔ 2021 میں 28.21 اور 2022 میں 26.50 اوسط رہی۔