بھارت کے سابق جارح مزاج بلے باز وریندر سہواگ اور ان کی اہلیہ آرتی اہلاوت کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وریندر سہواگ اور ان کی اہلیہ آرتی کی شادی 2004ء میں ہوئی تھی اور ان کے 2 بیٹے ہیں جو کہ 2007ء اور 2010ء میں پیدا ہوئے تھے۔
فیملی کے قریبی ذرائع کے مطابق دونوں کئی ماہ سے الگ رہ رہے ہیں تاہم دونوں کی جانب سے اس حوالے سے خاموشی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جوڑے کے درمیان جلد طلاق ہونے کا امکان ہے، سہواگ کی جانب سے کچھ وقت سے اپنی اہلیہ کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی گئی تھیں، اس کے علاوہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر فالو بھی نہیں کیا ہوا۔
یاد رہے کہ سہواگ بھارت کے لئے 104 ٹیسٹ اور 251 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
اس سے قبل سہواگ کے بیٹے آریاویر نے باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نہ صرف کرکٹ کے میدان میں انٹری دے دی ہے بلکہ والد کی طرح اپنے ڈیبیو میچ میں شاندار اننگ کھیلی۔
سہواگ کے بیٹے آریاویر نے حال ہی میں ونو مانکڈ ٹرافی میں دہلی انڈر 19 ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا اور گزشتہ دنوں منی پور کے خلاف میچ میں دھماکا خیز اننگ کھیل کر اپنے شاندار مستقبل کی نوید سنا دی ہے۔
سہواگ کے بیٹے نے گزشتہ سال بی سی سی آئی انڈر 16 ڈومیسٹک ٹورنامنٹ بھی کھیلا تھا۔ جہاں انہوں نے وجے مرچنٹ ٹرافی 2023 میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔