لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ سے رائے طلب کرلی، کپتان اور ہیڈ کوچ کھلاڑیوں سے فیڈ بیک لے کر بورڈ کو بتائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے فیڈ بیک اور مشاورت کی روشنی میں دورہ نیوزی لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا، کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے فیڈ بیک طلب کی جاچکی ہے۔
ذرایع نے بتایا ہے کہ فیڈبیک کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی مشاورت کریں گے۔
اس حوالے سے ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے ذہنی کوفت اور پریشانیوں کے حوالے سے بورڈ کو آگاہ کیا، کھلاڑیوں نے آرام محسوس کیا تو دورہ آگے بڑھنے کے امکانات ہوں گے، ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں کے درمیان دورہ نیوزی لینڈ پر مشاورتی عمل جاری ہے، جلد اہم فیصلے ممکن ہیں۔
نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا پاکستانی ٹیم کے لیے مشکل فیصلہ
انتظامیہ اور کھلاڑی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 8دسمبر تک کا وقت تحمل سے گزارنا چاہیے ہیں تاکہ کرکٹ پر فوکس کیا جا سکے۔ جبکہ ٹیم مینجمنٹ نے ٹور جاری رکھنے کے بارے میں مثبت رائے دی۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ امید ہے پاک ٹیم اس مشکل فیصلے کو قبول کرے گی۔ نیوزی لینڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کرونا کے کیسز ہیں جن کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے فریقین کے درمیان تناؤ دیکھا جارہا ہے۔