اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ پر سُبکی پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو لندن بلالیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے پر ن لیگ کو سُبکی پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو لندن بلالیا۔
ملاقات میں دونوں کے درمیان پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہوگی۔
خیال رہے ن لیگی رہنماؤں نے دعوے کئے تھے کہ پرویزالہٰی اعتماد کا ووٹ حاصل نہیں کرسکیں گے لیکن ان دعوؤں کے برعکس وزیراعلیٰ پنجاب نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا تھا۔
یاد رہے اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے پر نواز شریف اور ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز پارٹی کی صوبائی قیادت پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔
ن لیگی ذرائع نے کہا تھا کہ پنجاب میں سیاسی محاذ پر اس ناکامی کے بعد نواز شریف نے معاملے پر فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے اور پارٹی عہدیداروں سے استفسار کیا کہ یہ ناراض اراکین ووٹنگ کے لیے کیوں پہنچے، مقامی قیادت نے یہ سب کیوں مینیج نہیں کیا جس کی وجہ سے پارٹی کو ایک بار پھر سُبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پارٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ جو ن لیگ پنجاب کے صدر بھی ہیں نے اس معاملے پر نواز شریف اور مریم نواز کو اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کردی، جس میں مریم نواز کو فوری وطن واپسی کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے لندن میں موجود پارٹی قیادت پر واضح کردیا ہے کہ اگر مریم نواز فوری وطن واپس نہ آئیں تو پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے۔