اشتہار

ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

اشتہار

حیرت انگیز

قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا وقت 5 بجتے ہی ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔

حلقں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے پر پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کر دیے گئے۔ اے آر وائی نیوز کو غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع گئے جسے الیکشن قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے 6 بجے سے نشر کیا جائے گا۔

ادھر ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر ماحول پُرامن رہا، الیکشن کمیشن کنٹرول روم کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں، زیادہ ترکارکنوں کے آپس کے جھگڑے کی شکایات آئیں جسے فوری حل کیا گیا۔

- Advertisement -

ضمنی انتخابات والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 44 لاکھ سے زائد ہے۔ ان حلقوں میں پی ٹی آئی اور 13 جماعتی حکومتی اتحاد کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ قومی اسمبلی کے 8 میں سے 7 حلقوں پر عمران خان خود امیدوار ہیں۔

الیکشن کمیشن اسلام آباد میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، امن و امان کے قیام کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، پاک فوج کے جوان اور رینجرز اہل کار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکریٹریز، آئی جیز کو مراسلہ بھیج کر ہدایت کی ہے کہ ضمنی الیکشن کا شفاف اور غیر جانب دارانہ انعقاد یقینی بنایا جائے۔

اے این پی تحریک انصاف تصادم

این اے 31 پشاور میں تحریک انصاف کے ایم پی اے کی میونسپل انٹر گرلز کالج آمد پر عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن مشتعل ہو گئے، تلخ کلامی ہوئی، پولیس نے دونوں جماعتوں کے حمایتوں کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا۔

فرخ حبیب، غلام بلور و دیگر نے ووٹ ڈال دیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے فیصل آباد میں‌ اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، انھوں نے پولنگ اسٹیشن 227 میں ووٹ کاسٹ کیا، ننکانہ صاحب این اے 118 میں لیگی امیدوار شذرہ منصب علی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔ پشاور میں غلام بلور نے میونسپل انٹر کالج میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

 امیدوار پیپلز پارٹی علی موسیٰ گیلانی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔ خانیوال پی پی 209 پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل اکرم نیازی نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

بزرگ خاتون اور معذور شخص

کراچی میں این اے 237 میں بزرگ خاتون وہیل چیئر پر ووٹ ڈالنے پہنچ گئی، شرقپور شریف میں پی پی 139 میں معذور شخص بھی ووٹ ڈالنے پہنچ گیا، انھوں نے کہا ووٹ ایک امانت ہے اس لیے آیا ہوں۔

ضمنی انتخاب میں معمر اور معذور افراد کی ووٹ کاسٹ کرنے میں دل چسپی کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو انھیں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، الیکشن کمیشن نے خواتین، اقلیتوں اور خواجہ سرا کے حق رائے دہی کے استعمال میں بھی سہولت کی ہدایات جاری کیں۔

ووٹنگ میں تاخیر

مردان کے حلقے این اے 22 تخت بائی کے پولنگ اسٹیشن 260 میں پولنگ تاخیر کا شکار ہوئی، مردان کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد بھی کم نظر آئی۔

موبائل استعمال پر شہری گرفتار

ملتان میں خواتین پولنگ اسٹیشن نمبر 72 میں موبائل کے استعمال پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، پریذائیڈنگ آفیسر نے غیر متعلقہ شخص کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی

کراچی میں ایک ووٹر نے میوزک لگا کر ووٹ کاسٹ کیا، ووٹر کی جانب سے ویڈیو میں پولنگ عملے کو بھی دکھایا گیا، کمرے کے اندر کسی نے ووٹر کو ویڈیو بنانے سے نہیں روکا، ووٹر نے ووٹ کاسٹ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔

فیصل آباد میں این اے 108 میں ن لیگی ووٹر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ن لیگ کے ووٹر کو پولنگ بوتھ پر موبائل فون ساتھ لے جانے کی اجازت دے دی گئی، ووٹر نے شیر کے نشان پر مہر لگا کر بیلٹ پیپر کی تصویروائرل کر دی، پریذائیڈنگ افسر کی جانب داری پر ووٹرز میں غم و غصہ پیدا ہو گیا، اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

مردان میں بھی این اے 22 میں ووٹر نے الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ووٹر نے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کی ویڈیو بنا کر سوشل  میڈیا پر ڈال دی۔ اے این پی ترجمان اور ایم پی اے ثمر ہارون بلور نے ووٹ کاسٹ کیا، اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

کانٹے کا مقابلہ

این اے31 پشاور میں عمران خان اور اے این پی کے غلام احمد بلور مد مقابل ہیں، جماعت اسلامی کے محمد اسلم سمیت دیگر 6 امیدوار بھی میدان میں ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 180 ہے، جب کہ پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 265 ہے۔

این اے157 ملتان میں پی ٹی آئی کی مہر بانو قریشی اور پیپلز پارٹی کے موسیٰ گیلانی میں مقابلہ ہے، حلقے میں تحریک لبیک سمیت مجموعی طور پر 8 امیدوار میدان میں ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 205 ہے، حلقے میں 264 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، حلقے میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، مسلح گارڈ لے کر چلنے اور اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کے زین قریشی کے مستعفیٰ ہونے پر خالی ہوئی تھی۔

این اے 22 مردان میں عمران خان اور جے یو آئی کے مولانا محمد قاسم مد مقابل ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 50 ہزار 647 ہے، پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 330 ہے، یہاں 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار و افسران سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

این اے 239 کراچیم میں عمران خان اور ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا مدمقابل ہیں، کل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 855 ہے، پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 340 ہے، اس حلقے میں مہاجر قومی موومنٹ کے خرم مقصود میدان میں ہیں، پی پی، پی ایس پی، اور ٹی ایل پی امیدوار بھی میدان میں ہیں، یہاں مجموعی طور پر 22 امیدواروں میں مقابلہ ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کے اکرم چیمہ کے استعفے سے خالی ہوئی تھی۔

پی پی 139 شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کے ابوبکر اور ن لیگ کے افتحار بھنگر میں مقابلہ ہے، حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 27 ہزار 541، اور پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 153 ہے، یہ نشست میاں جلیل شرقپوری کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں