لاہور : لاہورکے حلقہ پی پی ایک سواڑسٹھ پر ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ جاری ہے ، تحریک انصاف کےملک اسدکھوکھر اور ن لیگ کےراناخالد قادری میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، نشست خواجہ سعد رفیق کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پرخالی ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ضمنی الیکشن کے لئے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 168 میں پولنگ کا عمل جاری ہے ، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، اس حلقے میں ایک لاکھ، 26 ہزار،9 سو 12 ووٹرز حق رائےدہی استعمال کریں گے، جن میں سے 73 ہزار 7 سو 24 مرد اور 53 ہزار ایک سو 88 خواتین شامل ہیں۔
حلقے کے کل 83 پولنگ اسٹیشنوں میں سے مردوں کے لئے 27 ، خواتین کے لئے 25 جبکہ 31 مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد 262 ہے۔
پی پی168ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے رانا خالد محمود ، تحریک انصاف کے ملک اسدکھوکھر سمیت 11 امیدوار وں میدان میں ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور کے حلقہ پی پی 168 کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار رانا خالد محمود قادری کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 16پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیا گیا ہے، پرامن انتخابات کیلئے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے فیروز پور روڈ پر ماڈل ٹاون اور والٹن کی مختلف آبادیوں پر مشتمل صوبائی اسمبلی کی یہ نشست سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر خالی کی تھی۔
واضح رہے 25 جولائی 2018 کو ہونے والے انتخابات میں خواجہ سعد رفیق نے 34 ہزار 114 ووٹ لے کر تحریک انصاف کے فیاض بھٹی کو شکست دی تھی۔