لاہور: پی ایس ایل سیزن فائیو میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے بین ڈنک سے چیونگم واپس لے لیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ٹیم فائنل 4 میں آسکتی ہے، کوشش ہے کل کا میچ جیت کر فائنل 4 میں جگہ پکی کریں۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ بین ڈنک نے جتنی اننگز کھیلی ہیں بڑی اچھی کھیلی ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ بین ڈنک بہت فارم میں ہیں ان کے خلاف کیا پلان ہے جس پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ’کوشش کریں گے بین ڈنک کی چیونگم واپس لے لیں۔‘
مزید پڑھیں: لاہور قلندرز کی کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر ہلچل مچادی
دوسری جانب بین ڈنک کا کہنا تھا کہ چیونگم کھانے میں کچھ خاص نہیں ہے، میں بس گراؤنڈ کے اندر پرسکون رہنے کی کوشش کرتا ہوں، اسے شاید ویڈیوز میں زیادہ دکھایا جارہا ہے۔
بین ڈنک کا کہنا تھا کہ ببل گم بری عادت ہے، مجھے اسے روکنا چاہئے لیکن میں صرف پرسکون رہنے کے لیے ایسا کرتا ہوں تاکہ جو ٹارگٹ ہے اس پر فوکس کرسکوں۔
انہوں نے کہا کہ فوکس اگلے تین میچز پر ہے، ٹیم نے ایک گروپ بننے کے لیے بہت محنت کی ہے، مینجمنٹ اور کھلاڑیوں نے یہی کوشش کی کہ ایک یونٹ بن جائے اور پھر گروپ کی شکل میں سب اچھا کھیلیں۔
واضح رہے کہ کل پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلہ ہوگا، پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔