لاہور: قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے احمد شہزاد کی ٹیم میں عدم شمولیت سے متعلق سوال کا جواب دے دیا۔
چیف سلیکٹر وہاب ریاض سے نیوز کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ احمد شہزاد کافی سالوں سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور وہ حالیہ نیشنل ٹی 20 میں بھی ٹاپ اسکورر ہیں، انہیں دورہ نیوزی لینڈ یا کسی بھی فارمیٹ کے لیے کب زیر غور لایا جائے گا؟
وہاب ریاض نے کہا کہ احمد شہزاد کی تین سال کی کارکردگی بتادیں، وہ پچھلے تین سالوں میں 18 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں اور 653 رنز ہیں، تین سال وہ پی ایس ایل نہیں کھیلے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ انہوں نے نیشنل ٹی 20 کپ کے چار میچز میں چار نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور 270 سے زائد رنز بنائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری ہر ایک لڑکے پر نظر ہے، احمد شہزاد کو نظر انداز نہیں کیا گیا وہ اچھا کھیلیں گے تو پاکستان ٹیم کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔
"Do you know what his performances are for the last 3 years?"
Wahab Riaz responds to a question about Ahmed Shehzad.#PakistanCricket pic.twitter.com/Oqr42YBDt6
— Grassroots Cricket (@grassrootscric) December 2, 2023
وہاب ریاض نے کہا کہ صاحبزادہ فرحان کو آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں حصہ نہیں بناسکے تو ان سے آف دی ریکارڈ بات ہوئی اور کہا کہ امید ہے کہ آپ مایوس نہیں ہوں گے ابھی ہمارے اوپننگ کھلاڑی سیٹ ہیں آپ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھیں آنے والے وقت میں پاکستان شاہینز کے دورے آرہے ہیں اور آپ کو اس کا حصہ بنایا جائے گا۔
چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ صاحبزادہ فرحان نے سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق بھی کہا جس پر کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا میں جوابدہ نہیں کیونکہ میرے آنے سے پہلے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کو دیے گئے تھے میں پھر بھی پی سی بی سے پوچھ کر آپ کو بتاؤں گا اور آئندہ سینٹرل کنٹریکٹ میں آپ کو زیر غور لایا جائے گا۔