اداکارہ وامیکا گبی کی ورون دھون کے ساتھ بالی ووڈ ڈیبیو فلم ’بے بی جان‘ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوگئی لیکن وامیکا پھر بھی بھارتیوں کا نیشنل کرش بنی ہوئی ہیں۔
وامیکا گبی ورسٹائل اداکارہ ہیں جنہوں نے پنجابی، ہندی، تامل اور ملیالم فلموں کے ساتھ ساتھ ویب سیریز میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
انہوں نے اداکاری کے سفر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ بالی ووڈ کلاسک فلم ’جب وی میٹ‘ میں مختصر کردار سے کیا، وقت گزرنے کے ساتھ وہ پنجابی سنیما کی فلم ’ تو میرا 22 میں تیرا 22‘۔ عشق برانڈی اور نیکا زیلدار سیریز جیسی کامیاب فلموں میں شامل ہوئیں۔
وامیکا گبی کا خاندان اور تعلیم
ان کا تعلق چندی گڑھ کے ایک پنجابی خاندان سے ہے، وامیکا کے والد، گوردھن گبی مشہور مصنف ہیں جو ہندی اور پنجابی دونوں زبانوں میں ’گبی‘ کے نام سے لکھتے ہیں۔
وامیکا نے ابتدائی تعلیم سینٹ زیویئرز اسکول چندی گڑھ سے حاصل کی اور ڈی اے وی کالج سے آرٹس میں ڈگری حاصل کی، ادبی ماحول میں میں پرورش پانے کے باوجود انہوں نے اداکارہ بننے کا انتخاب کیا۔
اداکارہ نے رومانوی ڈرامہ ’مالائی نیراتھو مایاکم‘ کے ساتھ تامل سنیما میں قدم رکھا اور فلم گودھا میں ایک پنجابی پہلوان کا کردار ادا کیا، گودھا میں ان کی اداکاری نے بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل کی۔
کئی فلموں کی ناکامی کے بعد وامیکا کی پنجابی کرائم ڈرامہ ’کالی جوٹا‘ میں وکیل کے لازوال کردار کے ساتھ واپسی کی۔
وامیکا نے جاسوسی سنسنی خیز فلم ’خفیہ‘ میں ایک اور شاندار کردار نبھایا جہاں انہوں نے جاسوس کی اہلیہ کا کردار ادا کیا، فلم میں انہوں نے بہترین معاون اداکارہ کا فلم فیئر او ٹی ٹی ایوارڈ حاصل کیا۔
بے بی جان
ایکشن تھرلر فلم بے بی جان 25 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنی، کالیز کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم باکس آفس پر فلاپ ہوگئی جس میں ورون دھون، کیرتھی سریش، زارا زیانا اور جیکی شیروف بھی شامل تھے۔