نئی دہلی : معروف بھارتی کرکٹر محمد شامی نے اپنی زندگی کے تلخ لمحات سے متعلق انکشاف کیا کہ ‘ میں تین مرتبہ خودکشی کرنے کے بارے میں سوچا تھا’۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹر ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے یہ حیران کن انکشاف اوپنر روہت شرما کے ساتھ سوشل میڈیا لائیو سیشن میں کیا، انہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنے کنبے کی وجہ سے ان مشکلات کا سامنا کرسکے۔
محمد شامی نے کہا کہ اگر آپ کا کنبہ آپ کے ساتھ ہو آپ کیسے بھی مشکل حالات سے باہر نکل سکتے ہیں اگر ان کا کنبہ ساتھ نہیں دیتا تو اس پریشانی سے وہ نہیں نکل پاتے، ان کا کہنا تھا کہ اس دوران انہوں نے تین مرتبہ خودکشی کرنے کے بارے میں بھی سوچا تھا۔
انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران بھارتی کرکٹر نے بتایا کہ 2015 میں ورلڈ کپ کے دوران لگنے والی چوٹ کے باعث مجھے کرکٹ میں واپسی کرنے میں 18 مہینے کا طویل وقت لگا تھا اور وہ 18 مہینے انتہائی سخت تھے اس کے بعد کرکٹ کا دوبارہ آغاز کیا تو گھریلو پریشانیوں میرے گرد گھیرا ڈال دیا۔
خیال رہے کہ 2018 میں محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے ان پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا تھا تاہم محمد شامی نے حالات کو بخوبی سنبھال لیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان 18 مہینوں کے دوران 24 گھنٹے میرے اہلخانہ میں کوئی نہ کوئی میرے ساتھ رہتا تھا کیونکہ میں ذہنی طور پر مکمل صحتیاب نہیں ہوا تھا، اگر میرے اہل خانہ میرے ساتھ نہ ہوتے شاید میں کوئی غلط قدم اٹھا لیتا۔